ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا چینل معطل کردیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام کے بعد یوٹیوب نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کا چینل کچھ روز کے لیے معطل کردیا۔
یوٹیوب نے اپنے بیان میں بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے یوٹیوب چینل پر نیا مواد اپ لوڈ کیا جو ہماری پالیسی کے خلاف تھا۔ نئے مواد سے تشدد پھیلنے کا خدشہ تھا۔
ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ کے مطابق چینل پر سے نیا مواد ہٹا دیا گیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ 7 روز تک چینل پر نیا مواد اپ لوڈ نہیں کر سکیں گے۔
ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے کیپیٹل ہل پر حملے کے بعد سے فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹس معطل کر رکھے ہیں۔

