

اسلام آباد(اے پی پی)ترک وزیرخارجہ کی آمد،صدر،وزیراعظم سے ملاقات،اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق۔بدھ کو ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور ترکی کے غیر معمولی سیاسی تعلقات کو مضبوط شراکت داری میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔ ترکی کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم آفس میں عمران خان سے ملاقات کی۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور ترکی کے وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ علاوہ ازیں ترک وزیر خارجہ نے ترک سفارتخانے میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے دہشت گردی کے ناسور کو مکمل شکست دینا ناگزیر ہے ،پاکستان اور ترکی کے مابین بھائی چارے پر مبنی مضبوط تعلقات ہیں،پاکستان ہر مشکل میں ترکی کیساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہا۔جب کہ ترک وزیر خارجہ نے پاک ترک معارف فائونڈیشن کیمپس کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان میں مزید پاک ترک معارف اسکولز اور ایک پاک ترک معارف یونیورسٹی کھولنے کا اعلان کیا۔دوسری جانب وزارت خارجہ میں پاکستان اور ترکی کے مابین تعلیمی شعبے میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں موجود تھے ۔پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور ترکی کی جانب سے ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو نے مفاہمتی دستاویزات پر دستخط کیے ۔ادھرصدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو کو عالمی سطح پر امن کے فروغ کی کوششوں کے عوض انہیں پاکستان کے اعلیٰ سول ایوارڈ ہلال پاکستان سے نوازا ہے ۔ ایوارڈ تقریب سے قبل پاکستان اور ترکی کے درمیان کاروبار اور ثقافتی تعاون بڑھانے سے متعلق مذاکرات بھی ہوئے اور بعد ازاں دونوں ممالک نے معاہدوں پر دستخط بھی کیے۔قبل ازیں ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور ترکی نے دو طرفہ تجارتی، اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات بدھ کو وزارت خارجہ میں منعقد ہوئے۔ ترک وفد کی قیادت ترک وزیر خارجہ جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کی ۔مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات، پاکستان اور ترکی کے مابین مختلف شعبہ جات میں کثیر الجہتی اسٹریٹیجک شراکت داری کے مختلف پہلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
