

بماکو (انٹرنیشنل ڈیسک) افریقی ملک مالی میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے عالمی امن مشن کے 4اہل کار ہلاک اور 5زخمی ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق مالی کے علاقے بمبارا سے 20کلومیٹر دور اقوام متحدہ کے امن مشن کی گاڑی کو بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ادھر واقعے کی ذمے داری کسی مقامی یا عالمی تنظیم نے قبول نہیں کی۔ ہلاک ہونے والے اہل کاروں کا تعلق افریقی ملک آئیوری کوسٹ سے ہے۔ واضح رہے کہ مالی میں عالمی امن مشن کے اہل کاروں کی تعداد 13 ہزار ہے۔ 2013ء سے اب تک 230 سے زائد فوجی مارے جا چکے ہیں۔
