English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بیت المقدس میں 530 مکانات کی اسرائیلی منظوری

فلسطین: وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی اسرائیل کے زیرقبضہ تاریخی شہر ناصرہ آمد پر احتجاج کرنے والے فلسطینیوں کو قابض پولیس تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے‘ غزہ پر گولہ باری سے مزاحمت کاروں کی سرحدی چوکی تباہ ہوگئی ہے

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) قابض صہیونی حکومت نے مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے میں یہودی آباد کاروں کے لیے مزید 530گھروں کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے۔ عبرانی ریڈیو کے مطابق ان میں سے 400مکان جیلو نامی یہودی کالونی میں تعمیر کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 13 0مکان شمالی بیت المقدس میں شلومو کالونی میں تعمیر کیے جائیں گے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی پلاننگ کمیٹی نے ان تعمیرات پر آنے والے اعتراضات کا جائزہ بھی لے لیا ہے۔ خیال رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے مغربی کنارے اور بیت المقدس میں یہود کے لیے 800گھروں کی تعمیر کی منظوری دی تھی۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف عرب اسرائیلی شہریوں کے احتجاج کو صہیونی فوج نے طاقت کے زور پر کچل دیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق نیتن یاہو نے شمالی شہر ناصرہ کا دورہ کیا،جس پر وہاں مقیم اسرائیلی شہریت کے حامل فلسطینیوں نے احتجاج کیا۔ صہیونی وزیر اعظم کے مقامی ویکسین سینٹرکے دورے کے موقع پر عرب ارکان پارلیمان نے مظاہروں کا اہتمام کیا تھا۔ اس پر اسرائیلی پولیس نے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا،جس کے نتیجے میں کئی قانون ساز زخمی بھی ہوئے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو 15روز کے دوران عرب اکثریتی شہر کا 3باردورہ کرچکے ہیں اور وہ آیندہ انتخابات میں وہاں سے حمایت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ادھر اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر غزہ پر گولہ باری کردی۔ اسرائیلی توپوں نے خان یونس کے مشرق میں مزاحمت کاروں کی چوکی کو نشانہ بنایا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوجیوںنے وادی اردن کے علاقے میں ایک فلسطینی مزدور پر جیپ چڑھا دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے