English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عالمی ادارہ صحت کے ماہرین ووہان پہنچ گئے

ووہان (چین): تحقیقات کے لیے آنے والے عالمی ادارۂ صحت کے ماہرین ہوائی اڈے سے باہر آ رہے ہیں

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) کورونا وائرس کی تحقیقات کے لیے عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کی ٹیم چین کے شہر ووہان پہنچ گئی۔ چینی ذرائع ابلاغ نے ٹیم کے ووہان پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔ چند روز قبل چائنیزنیشنل ہیلتھ کمیشن نے ایک بیان میں کہا تھا کہ 10 ماہرین پر مشتمل عالمی ٹیم چینی سائنسدانوں کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کی ابتدا سے متعلق تحقیق کرے گی۔ نیشنل ہیلتھ کمیشن نے مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا تھا۔ کورونا وائرس کا پہلا کیس 2019ء کے اواخر میں ووہان میں سامنے آیا تھا۔ عالمی ادارۂ صحت کی تحقیقاتی ٹیم کی چین آمد کا مقصد وبائی مرض سے متعلق حساس معلومات اکٹھی کرنا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ پیٹر بین ایمبارک کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم کام کا آغاز کرنے سے قبل 2 ہفتے تک قرنطینہ میں رہے گی جس کے بعد مختلف مقامات کا دورہ کرے گی۔ پیٹر بین کا کہنا تھا کہ مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر چینی ماہرین بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔ عالمی ادارۂ صحت کی ٹیم چین ایسے وقت پہنچی ہے جب گزشتہ برس مئی کے بعد سے پہلی بار چین میں کورونا سے ایک شخص کی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔ حکام نے مرنے والے شخص سے متعلق تفصیلات نہیں بتائیں۔ البتہ صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ صوبہ ہیبی میں پیش آیا ہے۔ حکام کی جانب سے جمعرات کے روز اس ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق جمعرات کو مزید 138 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ حالیہ چند ہفتوں کے دوران چین میں رپورٹ ہونے والے یومیہ کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جمعرات کو رپورٹ ہونے والے کیسوں کی تعداد گزشتہ سال مارچ کے بعد ایک روز میں سامنے آنے والی سب سے بڑی تعداد ہے۔ حکومت نے صوبے ہیبی کے کئی شہروں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا ہوا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے