English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

گزشتہ حکومتوں نے نظام انصاف خراب کر کے فائدہ اٹھایا ، عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم قومی رابطہ کمیٹی برائے ہائوسنگ ،تعمیرات و ڈیولپمنٹ کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ گزشتہ حکومتوں نے نظام انصاف کو خراب کرکے لا قانونیت سے فائدہ اٹھایا۔ جمعرات کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کرمینل جسٹس سسٹم میں اصلاحات اور صوبوں و اسلام آباد میں سول پروسیجر کوڈ پر عملدرآمد سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اصلاحاتی عمل کی جامع حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے 13 شعبوں کی نشاندہی کرکے علیحدہ علیحدہ ٹاسک فورسز بنائی گئی تھیں جن کی سفارشات عملی شکل اختیار کرنے کے لیے تیار ہیں، ان 13 شعبوں میں کیس کا اندراج، گرفتاری اور ایف آئی آر کا نظام، پولیس اسٹیشنز کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ان کو کمپیوٹرائز کرنے، فنڈز کی پولیس اسٹیشنز کو براہِ راست منتقلی اور اسٹیشن انچارج کو پرنسپل اکاؤنٹگ افسر کا درجہ دینے، تفتیشی نظام کو مضبوط کرنے، چالان کے نظام میں بہتری لانے، آزاد پراسیکیوشن کے قیام، پراسیکیوشن کو مقدمات کی نوعیت کے لحاظ سے کیسز کی جانچ، سیکورٹس پر دباؤ کم کرنا، ٹرائل کے طریقے کو
آسان اور تیز کرنا، کورٹس کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائز کرنا، پروبیشن اور پیرول کے نظام کو مضبوط کرنا شامل ہیں۔اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ یہ شعبہ بنیادی اہمیت کا حامل ہے اور گورننس میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس پر ترجیحی بنیادوں پر کام یقینی بنایا جائے، اقوام عالم کی تاریخ اٹھا کر دیکھیں تو وہی قومیں ترقی کرسکی ہیں جو لوگوں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے منظم اور مضبوط انصاف کا نظام لے کر آئیں،حکومت نظام انصاف کو ترجیحی بنیادوں پر ٹھیک کرنیکے لیے تمام مطلوبہ وسائل فراہم کرے گی لہٰذا اس حوالے سے اہداف کا تعین کرکے ان کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات و ڈیویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس منعقد ہوا ۔ عمران خان نے ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے اثرات بڑے شہروں میں خطرناک حد تک پہنچنے سے پہلے ہمیں بروقت اقدامات اٹھانے ہوں گے، ماحولیاتی آلودگی ایک خاموش قاتل ہے جس سے عوام الناس کی صحت پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔مزید برآں وزیراعظم سے آذربائیجان کے وزیر خارجہ صبح جیہون بیراموف نے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیراعظم نے آذربائیجان کی قیادت اور عوام کو مقبوضہ علاقے آزاد کرانے پر مبارکباد دی اور آزاد کرائے گئے علاقوں کی تعمیر نو اور ترقی میں پاکستان کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے