اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈ یسک )ملک میں کورونا سے مزید 74 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وائرس سے زندگی کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 11 ہزار 450 ہوگئی ہے جب کہ حکومت نے رواںبرس70فیصد آبادی کو کورونا ویکسین لگانے کا اعلان کیاہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعاد و شمار کے مطابق ملک میں24 گھنٹے میں کورونا کے 41 ہزار 285 ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد اس وائرس کی تشخیص کے لیے کیے گئے ٹیسٹ کی تعداد 77 لاکھ 64 ہزار 114 ہوگئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے مزید ایک ہزار 563 نئے کیس سامنے آئے ہیں اس طرح ملک میں اس وبا کا شکار افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 37 ہزار 477 ہوگئی ہے۔این سی او سی کے مطابق گزشتہ روز کورونا کے 2 ہزار 81 مریض صحت یاب ہوئے ہیں، جس کے بعد ملک میں اس وبا کو ہرانے والوں کی تعداد 4لاکھ 92 ہزار 207 ہوگئی ہے جب کہ کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 33 ہزار 820 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر کے کورونا کے مزید 74 مصدقہ مریض زندگی کی بازی ہار گئے ہیں، اس طرح ملک میں اس وبا کے ہاتھوں لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 11 ہزار 450 ہوگئی ہے جب کہ 2 ہزار 165 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔علاوہ ازیںمعاون خصوصی فیصل سلطان نے کہا کہ چند روز میں کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچ جائے گی، سرکاری ذرائع سے حاصل ویکسین مفت لگائی جائے گی، شہریوں کو ویکسین رجسٹریشن کی تصدیق کے بعد لگائی جائے گی۔70 فیصد آبادی کو رواں سال ویکسین لگائی جائے۔وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا مارننگ سیشن کا اجلاس ہوا۔ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال اور ویکسین لگانے کے طریقہ کار سمیت تعلیمی ادارے کھولنے کا جائزہ لیا گیا۔وزیر تعلیم شفقت محمود ،وزارت صحت اور دیگر اعلی حکام ،سیکرٹری ہیلتھ عامر خواجہ اور چاروں صوبوں کے نمائندے وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں دوسری لہر سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا کی پہلی لہر کی طرح عوام کو اب بھی احتیاط کی ضرورت ہے۔چین نے حکومت کو 5 لاکھ کورونا ویکسین ڈوزعطیہ کی ہیں۔ سرکاری ذرائع سے حاصل ویکسین مفت دی جائے گی۔ 4 لاکھ سے زاید ہیلتھ ورکرزڈیٹا بیس میں رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔ چند روز میں کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچ جائے گی۔ کوشش ہے 70 فیصد آبادی کو رواں سال ویکسین لگائی جائے۔ اسی طرح شہری شناختی کارڈ اور پن کوڈ کے ساتھ مقررہ وقت پر ویکسین سنٹر پہنچیں گے۔ویکسین سینٹر پر انتظامیہ شہری کے شناختی کارڈ اور پن کوڈ کی تصدیق کرے گی۔ رجسٹریشن کی تصدیق کے بعد شہریوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ وفاقی ، صوبائی اور ضلعی محکمہ صحت کی سطح پر ڈیش بورڈ خود کار طریقے سے تیار ہوگا۔ این سی اوسی نے دوسرے مرحلے میں تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے یکم فروری کویونیورسٹیاں کھولنے کی اجازت دے دی،پرائمری اور مڈل کلاسز بھی یکم فروری سے کھل جائیں گی۔
