ملائیشیا میں لیز کے واجبات ادا نہ کرنے پر قومی ایئرلائن کا تحویل میں لیا گیا طیارہ پاکستان کے لیے روانہ ہوگیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق ملائیشیا سے پاکستان آنے والا طیارہ بوئنگ 777 پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بجے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گا۔
رواں ماہ ملائیشیا میںلیز کے واجبات ادا نہ کرنے پر پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ کوالالمپور ائر پورٹ پر تحویل میں لے لیا گیا تھا۔
ترجمان پی آئی اے نے بھی کوالا لمپور میں طیارے کو قبضے میں لیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسئلے کے احسن حل تک مسافروں کی مناسب دیکھ بھال کی جائے گی۔
پی آئی اے کی پرواز پی کے 895 کراچی سے کوالالمپور پہنچی تھی، کوالا لمپور میں مقامی حکام نے پی آئی اے کا طیارہ عدالتی احکامات پر تحویل میں لیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے طیارے کو قبضے میں لینے کی کارروائی مسافروں کے سوار ہونے کے بعد کی گئی اور طیارے کو قبضے میں لینے کے بعد مسافروں کو طیارے سے اتار دیا گیا تھا۔
طیارے کو قبضے میں لیے جانے کے بعد پی آئی اے کا 18 رکنی عملہ بھی کوالالمپور میں پھنس گیا تھا۔ 18 رکنی عملے نے 14 دن قرنطینہ میں گزارے۔

