مظفرآباد(صباح نیوز) کنوینر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے ہمہ گیر جہاد کا اعلان کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ رشید ترابی نے کہا کہ نریندرمودی کشمیریوں کے مسلم تشخص کو ختم کرنے کے لیے20 لاکھ سے زائد غیر کشمیریوں کو ڈومسائل جاری کرچکا ہے اور اس سال50لاکھ تک جاری کرنے کے عزائم رکھتا ہے حکومت پاکستان مودی کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے عالمی سطح پر سفارتی مہم منظم کرے اور جوابی روڈ میپ کا اعلان کرے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام کے مسائل حل کیے جائیں ان پر لاٹھی چارج کرنے کا عمل باعث تشویش ہے ، ملازمین سراپا احتجاج ہیں اور سینئر بیوروکریٹس کو ایگزیکٹیو الائونس کے نام پر مراعات کا کیا جواز ہے یہ نظریاتی خطہ ہے اس کے سروس اسٹریکچر کو طبقاتی بنیاد پر استور کرنے کے بجائے عدل و میرٹ قائم کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ بیس کیمپ کے کردار کو بحال کیا جائے ،متاثرین کورونا کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
