جماعت اسلامی نے وزیرآباد کے ضمنی الیکشن میں پی ڈی ایم امیدوار کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق پی ڈی ایم میں شامل مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے ضمنی الیکشن میں پی ڈی ایم امیدوار کی حمایت کی درخواست کی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی نے پی ڈی ایم امیدوار کی حمایت کرنے سے صاف انکار کرتے ہوئے واضح کیا کہ جماعت اسلامی مذکورہ حلقے سے انتخاب لڑرہی ہے اس لیے وہ کسی دوسری پارٹی کے امیدوار کی حمایت نہیں کر سکتی۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے دیگر حلقوں میں بھی جماعت اسلامی غیر جانبدار رہے گی اور صرف اپنے پلیٹ فارم، انتخابی نشان اور جھنڈ ے سے الیکشن میں حصہ لے گی۔
واضح رہے کہ وزیرآباد کے صوبائی حلقے میں ضمنی الیکشن کے لیے جماعت اسلامی سمیت دیگر سیاسی جماعتیں بھرپور انتخابی مہم چلا رہی ہیں۔

