کراچی: سندھ میں سینیٹ انتخابات پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دو امید وار پی ٹی آئی، دو ایم کیو ایم اور ایک امیدوار جی ڈی اے کا ہوگا،وزیر اعظم عمران خان نے تینوں جماعتوں سے طے کیے گئے معاملات کی منظوری دے دی،وزیر اعظم نے اراکین کی کامیابی کا ٹاسک گورنر سندھ کو دے دیا ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت سندھ کے اراکین اسمبلی کا ویڈیو لنک پر اجلاس ہوا جس میں اراکین نے سینیٹ امیدواروں کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا، تاہم وزیراعظم نےتحریک سینیٹ انتخابات کے لیے فیصل واڈا اور سیف اللہ ابڑو کے ناموں کو حتمی قرار دیا۔ اجلاس میں رکن اسمبلی علی جی جی نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ سندھ حکومت نے ہم سے سیکیورٹی واپس لے لی ہے، اراکین اسمبلی نے وزیراعظم سے آئی جی سندھ کی تبدیلی کا مطالبہ بھی کیا۔
اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بطور انسان غلطی ضرور ہوسکتی ہے مگر جان بوجھ کر غلط فیصلہ نہیں کروں گا، آپ لوگ یقین رکھیں ملک و قوم کے مفاد میں بہتر فیصلے کروں گا۔

