اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغان امن عمل میں خواتین کی مکمل، برابر اور معنی خیز شرکت کا مطالبہ کیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق سیکورٹی کونسل کی جانب سے جاری بیان میں افغانستان میں بڑھتے ہوئے حملوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی کونسل کے اراکین کے خیال میں
پائیدار امن کا حصول صرف جامع امن عمل کے ذریعے ممکن ہے جس کی قیادت افغانستان خود کرے اور جس میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے تمام فریقین شامل ہوں۔ بیان کے مطابق امن مذاکرات میں شامل تمام فریقین کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ وہ تشدد میں کمی سمیت اعتماد سازی کے دیگر اقدامات کریں اور نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات جاری رکھیں۔

