اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پی ڈی ایم کو توڑنے کی سازشیں ہو رہی ہیں مگر ہم بچے نہیں کہ اپنا نفع ونقصان نہ سمجھ سکیں۔
مولانا فضل الرحمن نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کو توڑنے کی سازشیں ہو رہی ہیں مگر ہم اپنا نفع ونقصان سمجھتے ہیں، اللہ نے عقل دی ہے اپنا نفع اور نقصان سمجھ سکتے ہیں، آصف زرداری اور میاں نواز شریف سے رابطہ ہے امید ہے کہ رمضان کے بعد لانگ مارچ منعقد ہو سکے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تجویز دی تھی کہ سب سے پہلے قومی اسمبلی سے استعفے دئیے جائیں اس کے بعد عوام میں جایا جائے ہم نے عوام میں جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سندھ اسمبلی کے بارے میں انہوں نے کہا تجویز تھی کہ سندھ اسمبلی کو سب سے آخر میں توڑا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ای سی سی کا اجلاس بلایا ہے وہاں سے مثبت جواب کی توقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ طے ہے ہمارے پاس احتجاجی تحریک کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، اگر صرف ایوانوں میں لڑنا ہے تو پھر پی ڈی ایم کیوں بنائی؟ ہمیں اسمبلیوں میں یا عوام میں جانے میں سے ایک راستہ منتخب کرنا ہے۔

