English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کورونا سے مزید 72افراد جاں بحق، سندھ حکومت نے مزارات کھول دیے

القمر

اسلام آ باد ‘کراچی(مانیٹرنگ ڈ یسک +اسٹاف ر پورٹر) کورونا وبا نے مزید 72 افراد کی جان لے لی ہے جب کہ ملک بھر میں مزید 3270 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا کی تشخیص کے لیے گزشتہ روز 39 ہزار 742 ٹیسٹ کیے گئے ، اس طرح اب تک ملک میں اس وبا کی تشخیص کے لیے کیے گئے ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد 98 لاکھ 57 ہزار 233 ہوگئی ہے۔گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے مزید 3 ہزار 270 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ کورونا کی تیسری لہر نے پنجاب اور اسلام آباد کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔ پنجاب میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 63 ہزار 464، پنجاب میں 2 لاکھ 969، خیبر پختونخوا میں80 ہزار 519،بلوچستان میں19 ہزار 347، اسلام آباد میں 52 ہزار 676، آزاد کشمیر میں 11 ہزار 792 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 974 ہوچکی ہے۔کورونا نے ملک میں مزید 72 افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کردیے ہیں، جس کے بعد اس وبا سے ملک میں 13 ہزار 935 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔کورونا سے سب سے زیادہ جانی نقصان پنجاب میں ہوا ہے جہاں 6 ہزار 39 افراد اس وبا سے جان کی بازی ہار چکے ہیں،اس کے علاوہ سندھ میں 4 ہزار 479، خیبر پختونخوامیں 2 ہزار 225، اسلام آباد میں 548، گلگت بلتستان میں 103، بلوچستان میں 203 اور آزاد کشمیر میں 338 افراد اس وائرس کی زد میں آکر لقمہ اجل بن چکے ہیں۔گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے ایک ہزار 733 مریضوں نے اس وبا کو شکست دے دی ہے، اس کے بعد اب اس وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی مصدقہ تعداد 5 لاکھ 85 ہزار 271 ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 34 ہزار 535 ہے جن میں سے 2 ہزار 485 کی حالت تشویشناک ہے۔علاوہ ازیںمحکمہ اوقاف سندھ نے صوبے میں تمام مزارات دوبارہ کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔جس کے مطابق زائرین کو کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر بند کیے گئے لعل شہباز قلندر، عبداللہ شاہ غازی سمیت تمام مزارات کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جوتمام کورونا حفاظتی اقدامات کے ساتھ کھولے جائیں گے۔محکمہ اوقاف کی جانب سے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ اوقاف کے عملے کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔ جب کہ وزیر اوقاف سندھ سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ زائرین کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے وضع کردہ تدابیر(ایس او پیز)پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں، ماسک لازمی پہنیں،اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی کا تحفظ کریں۔واضح رہے کہ سندھ حکومت نے کورونا کے خطرے کے پیش نظر صوبے بھر میں مزارات اور درگاہوں کو عوام کے لیے بند کردیا تھا۔محکمہ اوقاف سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ محکمہ داخلہ سندھ کے احکامات کی روشنی میں کورونا وائرس کی وجہ سے سندھ بھر میں درگاہیں اور مزارات 15مارچ سے 15 اپریل تک بند رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے