English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

فلسطینی رہنماء عمر برغوثی انتقال کرگئے،خواتین نمازی گرفتار

مقبوضہ بیت المقدس: قابض صہیونی فوج باب الساہرہ سے فلسطینی خواتین کو گرفتار کرکے لے جارہی ہے‘ چھوٹی تصویر (دائیں) شیخ عمر برغوثی کی ہے

 

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کی تحریک مزاحمت کے اہم رہنما شیخ عمر برغوثی انتقال کرگئے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق عمر برغوثی کا انتقال جمعرات کے روز ہوا۔ مرحوم 26سال اسرائیلی جیلوں میں قید رہے، جب کہ ان کے بھائی اسرائیلی جیلوں میں طویل ترین قید کاٹنے والے فلسطینی ہیں۔ مرحوم کا ایک بیٹا صالح صہیونی فوج کے ہاتھوں جام شہادت نوش کرچکا ہے۔ حماس کی جانب سے جاری بیا میں شیخ عمر برغوثی کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کی وفات کو فلسطینی تحریک کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کے قریب باب الساہرہ سے کئی فلسطینی خواتین کو حراست میں لے لیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق جمعرات کے روز درجنوں فلسطینی خواتین قدیم بیت المقدس میں داخل ہونے کے لیے باب الساہرہ پر جمع تھیں کہ اسرائیلی فوج نے اجازت نامے نہ ہونے کا بہانا بنا کر ان کا گھیراؤ کرلیا اور کئی خواتین کو حراست میں لے کر بیت المقدس کے باہر مختلف چوکیوں پر پہنچا دیا۔ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں سے آنے والی یہ خواتین مسجد اقصیٰ کی زیارت کرنا چاہتی تھیں۔ ادھر فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ قابض اسرائیلی حکام نے شمالی بیت المقدس میں شعفاط پناہ گزین کیمپ کی راس خمیس کالونی میں ایک فلسطینی کا مکان مسمار کر ڈالا۔ فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے شعفاط پناہ گزین کیمپ کا محاصرہ کیا اور اس کے بعد کیمپ میں داخل ہو کر 2 منزلہ مکان کو مسمار کردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مکان مسمار کرنے کی کارروائی کے دوران فلسطینیوں کی بڑی تعداد وہاں جمع ہو گئی اور انہوں نے مکانات کی مسماری کے نسل پرستانہ طرز عمل کے خلاف نعرے بازی کی۔ قابض فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج اور طاقت کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں کئی شہری زخمی ہوگئے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے