اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو اندازہ تھا کہ اشرف غنی بہت زیادہ غلط فہمی کا شکار ہیں، عمران خان نے ازبکستان میں اشرف غنی کو سمجھانے کی بڑی کوشش کی لیکن اشرف غنی کے دل میں فتور تھا۔
دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کی گئی لیکن ہم نہیں بنے، پاکستان نے امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
شیخ رشید نے کہا کہ افغان طالبان کو تسلیم کرنا یا نہ کرنا وزیراعظم عمران خان اور وزارت خارجہ کا فیصلہ ہے، ہم کسی کو پاکستان میں مداخلت نہیں کرنے دیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام ایئرپورٹس اور بارڈرز پر امیگریشن کے لیے عملہ موجود ہے، 613 پاکستانیوں کو افغانستان سے واپس لایا جا چکا، طورخم سے کابل تک تمام راستہ کلیئر ہے، طورخم اورچمن بارڈر پر کسی قسم کی رکاوٹ نہیں، 2 روز میں تمام پاکستانیوں کو افغانستان سے واپس لائیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ 60 سے 70 غیر ملکی صحافیوں کو چارٹر طیارے سے پاکستان لائیں گے، سفارتکاروں کو ٹرانزٹ ویزہ دے رہے ہیں، سفارتکار ایئرپورٹس سے ہی اپنے ممالک میں چلے جائیں گے، افغانستان سے کوئی مہاجر آرہا نہ ہی ہمارے پاس انتظام ہے۔

