
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ نہ صرف پاکستان بلکہ انسانیت کو درپیش مسائل کا حل نظام مصطفی ؐ کے نفاذ میں ہے۔ حضور پاکؐ رحمت العالمین تھے ان کا اسوۂ حسنہ انسانوں کی دنیاوی و اخروی کامیابی کے لیے بہترین ماڈل ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری سے نجات کے لیے سود سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے حیدرآباد کی مبارک مسجد اور مسجد قبا میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور دیگر طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب قیمین صوبہ سندھ عبدالوحید قریشی، طاہر مجید ،ضلعی امیرعقیل احمد خان،نائب ضلعی امیر عبدالقیوم اور دیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔راشد نسیم نے کہا کہ دنیا میں نفسیاتی مسائل بڑھ رہے ہیں۔ ایک طرف بدامنی کا راج ہے اور دوسری جانب نظام سرمایہ دارانہ شکنجے میں جکڑا ہوا ہے۔ انسانوں کو انفرادی سطح پر درپیش مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ معاشرہ فلاحی ہو جبکہ فلاحی معاشرہ کے قیام کے لیے سب سے بہترین نظام، نظامِ مصطفیؐ ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں 7 دہائیوں سے سودی نظام رائج ہے۔ اس نظام کی وجہ سے مہنگائی اور بے روزگاری ہے اور ملک قرضوں کے پہاڑ کے نیچے دبا ہوا ہے۔ عالمی سطح پر بھی ظالمانہ سرمایہ دارانہ نظام نے پوری دنیا کے انسانوں کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ راشد نسیم نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلامیان پاکستان متحد ہو کر ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کریں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
