دبئی(نمائندہ خصوصی) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا تیسرا میچ آج افغانستان کیخلاف کھیلے گا،میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام7بجے دبئی میں کھیلا جائیگا،پاکستان کی فتح کی صورت میں گرین شرٹس سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن جائیگی،میگا ایونٹ میں آج دوسرا میچ بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کے مابین شارجہ میں کھیلا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میںآج 2میچ کھیلے جائیں گے۔پہلا میچ بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کے مابین شارجہ میں سہ پہر3بجے کھیلا جائیگا جبکہ دوسرا میچ پاکستان اور افغانستان کے مابین دبئی میں کھیلا جائے گا۔دوسری طرف پاکستان کرکٹ ٹیم کا دبئی میں بھرپور ٹریننگ سیشن، قومی کھلاڑیوں نے جمعرات کو ٹیم ہوٹل میں جم سیشن بھی کیا ۔ افغانستان کے خلاف میچ سے قبل تمام کھلاڑیوںنے نیٹ سیشن میں بھی حصہ لیا۔ قومی اسکواڈ نے آئی سی سی اکیڈمی کے گراؤنڈ میں کوچز کی زیرنگرانی ٹریننگ سے اپنی خامیاں دور کیں۔ 3 گھنٹے پر مشتمل ٹریننگ سیشن میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں ہوئیں۔پاکستانی ٹیم بابر اعظم کی زیر قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ افغانستان کی ٹیم کی کمان محمد نبی سنبھالیں گے۔ پاکستان کی ٹیم میگا ایونٹ میں تاحال ناقابل شکست ہے ، گرین شرٹس نے اپنے پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دی جبکہ اپنے دوسرے میچ میں کیویز کو 5 وکٹوں سے مات دی تھی۔ سپر 12 مرحلے میں ہر ٹیم 5 گروپ میچ کھیلے گی اور دونوں گروپس سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 10 نومبر کو ابوظبی جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 11 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کا فیصلہ کن معرکہ14 نومبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔
