جیکب آباد(نمائندہ جسارت)جیکب آباد میں انجمن تاجران کی جانب سے ساتویں روز بھی ایس ایس پی کی زیادتیوں کے خلاف احتجاج جاری، سندھ حکومت ،منتخب نمائندو ں سمیت کسی نے نوٹس نہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق انجمن تاجران کی جانب سے ایس ایس پی جیکب آباد شمائل ریاض ملک کی زیادتیوں کے خلاف ساتویں روز بھی صرافہ چوک پر صدر احمد علی بروہی کی قیادت میں علامتی بھوک ہڑتال کی گئی جس میںمزدور شہری اتحاد کے حاجی غلام نبی رند ،جے یو آئی کے مولانا عبدالجبار رند ،صرافہ یونین کے صدر جمال الدین لکھن ،حاجی یوسف میمن ،راجیش گورکھااور دیگر نے شرکت کی ۔مظاہرین نے پولیس زیادتیوں کے خلاف سخت نعرے بازی کی ،دھرنے سے رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر جیکب آباد کے شہریوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ احمد علی بروھی صدر کامرس آف چیمبر، و انجمن تاجران ایک فکر اور سوچ اور شہر کے ہر تاجر کا نام ہے.ہمیں ڈرایا اور دھمکایا جا رہا ہے اور ہمیں جھوٹے کیسز، جیل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ میر احمدعلی پر ہاتھ ڈالنا پورے شہر پر ہاتھ ڈالنے کے مترادف ہے، ہم تاجر لوگ ایسے ہی احتجاج پر نہیں بیٹھے یہ سب اس لیے ہے کہ ہمیں مجبور کیا گیا ہے، ہمیں اندھیرے میں، بے امنی میں جھونکا گیا ہے اور پولیس تحفظ دینے کے بجائے ہمیں ہراساں کر رہی ہے اور ایس ایس پی نے تو حد کر دی ،ہندو پنچائت کے صدر کو اٹھوالیا اور جھوٹے کیس لگا دیے۔ اب یہ مہم ایس ایس پی ہٹاؤ تک جاری رہے گی، ہم چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعظم اور صدر پاکستان ، بلاول زرداری ،سندھ حکومت جیکب آباد کی ہندو برادری ،بیوپاریوں اور شہریوں پر ہونے والی انتظامیہ کی زیادتی کا نوٹس لیں، ہمارے لیے تحفظ کو یقینی بنائیں، ایس ایس پی کو فی الفور ہٹا کر شہریوں ،بیوپاریوں اور تاجروں میں پھیلی بے چینی کو ختم کیا جائے۔
