ٹنڈومحمدخان (نمائندہ جسارت)انٹرنیشنل ادارے قطر چیئرٹی کی طرف سے ضلع ٹنڈو محمد خان کے تعلقہ بلڑی شاہ کریم کے گائوں حسین دل میں یتیم بچوں کی رہائش اور کفالت کے لیے ایک ہاسٹل کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے جس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان یاسر بھٹی نے کیا۔ ایک کروڑ بیس لاکھ کی لاگت سے تعمیر ہونی والا یہ ہاسٹل ایک سال کے اندر مکمل ہونے کے بعد پاکستان بیت المال کے حوالے کیا جائے گا تاکہ ضلع کے یتیم بچون کی تعلیم ، صحت اور معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکے تاکہ وہ معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی نے کہا کہ یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے تعمیر ہونے والے اس ہاسٹل میں ڈاکٹر عبدالسلام دل نے اپنے گائوں مین قیمتی پلاٹ دے کر اس خیراتی کام میں اپنا حصہ ڈالا ہے جو کہ نہایت ہی خوش آئند بات ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ چیئرٹی ادارہ ضلع میں دس سالوں سے یتیم بچوں اور بے سہارا اور غریب افراد کی معیار زندگی کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے میں دن رات مصروف عمل ہے اور اس سمیت وہ علاقے کے غریب عوام کی صحت ، تعلیم ، صفائی ستھرائی اور انہیں کھانے پینے کی اشیا فراہم کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کر ر ہے ہیں تاکہ ان کی تکلیفوں میں کمی لائی جا سکے۔ اس موقعے پر قطر چیئرٹی کے فیلد کوآرڈینیٹر محمد اشرف مغل نے کہا کہ ہمارا ادارہ پاکستان میں 1994ء سے مختلف فیلڈز میں کام کر رہا ہے اور اس کے ساتھ صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں گزشتہ دس برس سے مختلف پروجیکٹس پر غریب اور لاچار انسانوں کی خدمت کے کام میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے بھرپور تعاون سے چیئرٹی اپنا کام مزید تیزی اور مؤثر طریقے سے دیگر پروجیکٹس پر بھی جاری رکھے گی۔ اس موقع پر قطر چیئرٹی ضلع ٹنڈو محمد خان کی ٹیم انچارج راحیلہ خاصخیلی ، محکمہ سوشل ویلفیئر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعیم سومرو ، غلام محمد سہتو ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال غلام رسول میمن ، ضلع ٹنڈو الٰہیار بیت المال کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سلیم بلوچ اور ان کی ٹیم بھی موجود تھی۔
