
دبئی (نمائندہ خصوصی) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے افغانستان کو 5وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی‘آصف علی نے ایک اوور میں 4چھکے لگا کرگرین شرٹس کو فتح سے ہمکنار کیا۔افغان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ20اوور میں 148رنز کا ہدف دیا‘ جسے پاکستان نے 5وکٹوں پر19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔قبل ازیںپاکستان کی طرف سے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے عماد وسیم نے 2اور شاداب ، حارث روئوف اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔افغانستان نے آخری اوورز میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر147 رنز بنائے‘ کپتان محمد نبی اور گلبدین 35،35 رنز بناکر نمایاں رہے، افغانستان نے آخری 5 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 54 رنز بنائے۔افغانستان کی پہلی وکٹ 7 رنز پر گری،حضرت اللہ ززئی صفر پر عماد وسیم کا شکار بنے۔ٹیم کا اسکور 13 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ محمد شہزاد بھی شاہین شاہ کی گیند پر 8 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے‘تیسری وکٹ 33 رنز پر گر ی ، حارث رؤف نے اصغرافغان کو 10 رنز پرآؤٹ کردیا، حسن علی نے افغانستان کی چوتھی وکٹ 39 رنز پر گرائی ،رحمان اللہ 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے‘ عماد وسیم نے کریم جنت کو 15 رنز پر آؤٹ کیا۔نجیب اللہ زادران 22 رنز بنا کر شاداب کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ آصف علی نے ایک اوور میں 4چھکے لگادیے،7گیندوں پر 25رنز بناتے ہوئے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔ ۔انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک ہزار رنز مکمل کر کے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا۔
