English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزیر اعظم کا استعفا ہی نظام بچانے کا حل ہے ، لیاقت بلوچ

القمر

لاہور/حیدرآباد(نمائندگان جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سیاسی، جمہوری، پارلیمانی اور آئینی نظام کے بچائو اور استحکام کا ایک ہی حل ہے کہ عمران خان استعفا دیں۔ بلوچستان کی طرح صوبائی وزرا اعلیٰ ناکام ہو چکے، مستعفی ہوں۔ وفاق اور صوبوں میں پارلیمانی نمائندہ جماعتیں متعین وقت کے لیے حکومتیں بنائیں اور بااختیار بلدیاتی نظام و انتخابات، انتخابات کی شفافیت کے لیے انتخابی اصلاحات اور عام انتخابات کرائے جائیں۔ 2018ء کے دھاندلی زدہ انتخاب کے بعد حکومت اسٹیبلشمنٹ کے ایک پیج پر
ہونے کو عمران خان حکومت کی نااہلی، غرورو تکبر، بے تدبیری نے سبوتاژ کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی آئین کی بالادستی اور عوامی مسائل پر ملک گیر جدوجہد جاری رکھے گی۔حیدرآباد میں جمعیت طلبہ عربیہ کی تربیت گاہ ، لاہور میں طلبہ ومزدور کنونشن اور میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان حکومت حواس باختہ اور اندرونی بھگدڑ کا شکار ہوگئی ہے۔ وزیراعظم، وزرا اور ترجمانوں کا بیانیہ تضادات کا مجموعہ ہے۔ تحریک لبیک سے مذاکرات، معاہدے اور وزرا کے اعلانات کے باوجود عمل درآمد ، ہر احتجاج پر غداری اور بیرونی پشتی بانی کے الزامات اسٹیٹس کو اور پرانے پاکستان کی ہی حکمرانی واردات ہے۔ حکومت کی بدانتظامی نے حالات کو خود ابتر کر دیا ہے۔ پارلیمنٹ، اقتصادی نظام، ریاستی اداروں کے درمیان تال میل نہیں جس کی وجہ سے داخلہ و خارجہ اور معاشی محاذ پر مسلسل ناکامی اور زوال بڑھتا جا رہا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت، رشوت، کرپشن بلند ترین سطح پر ہے، عوام خوار ہو گئے ہیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملت اسلامیہ کو دنیا کی امامت کرنی ہے، مگر گروہ بندی، فرقہ واریت، عصبیت، ملکی قبائلی اور علاقائی جھگڑوں، جنگوں نے شیرازہ بکھیر دیا ہے۔ دینی مدارس کے طلبہ اور نوجوان، علما اپنے مسالک سے جڑے رہیں، لیکن اصل ہدف قرآن و سنت کی بالادستی بنائیں۔ اقتصادی نظام کو سود، قرضوں، کرپشن سے پاک کرنے، اسلامی معاشی نظام کے قیام کے لیے رائے عامہ بیدار کریں۔ مدارس و منبر محراب جدید دور میں جدید ذرائع ابلاغ کے شرانگیز وار کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ عظمت مصطفیؐ کا تقاضا ہے کہ نظام مصطفیؐ نافذ ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے