English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

غلامان مصطفی ؐ طاغوت کی غلامی قبول نہیں کرینگے، معراج الہدیٰ

القمر

کراچی/میرپورخاص (اسٹاف رپورٹر+ نمائندہ جسارت )جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ ہم تاجدار کائنات ختم
الرسل ؐ کی ناموس و عظمت پر مر مٹنے کے لیے ہر دم تیار ہیں۔غلامان مصطفی ؐ ملک میں کسی طاغوت یا اس کے ایجنٹ کی غلامی قبول نہیں کریں گے ،پاکستان کے تمام مسائل کا حل بابرکت اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔ پاکستان کو قرآن وسنت کاگہوارہ بنانے اور دنیا کی مثالی ریاست بنانے کے لیے قوم جماعت اسلامی کا دست و بازو بنے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت جامع مسجد ہدیٰ سیٹیلائٹ ٹائون میں منعقدہ سالانہ محفل سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،پروگرام سے امیر جماعت اسلامی ضلع میرپورخاص محمد افضال آرائیں، امیر شہر حاجی نور الٰہی مغل و یوسی ناظم ظفر اقبال مجاہد نے بھی خطاب کیا۔ تذکرہ سیرت النبیؐ کی محفل میں علما کرام ،معززین شہر جماعت اسلامی کے کارکنان اور دیگرافراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ڈاکٹر معراج الہدیٰ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے غلام اور ان کے امتی کی حیثیت سے ہمارا سر فخر سے بلند ہونا چاہیے۔اتباع رسولؐ ہی میں ساری انسانیت کی فلاح و سرخروئی ہے۔ پاکستان میں اسلامی قوانین ،ختم نبوت و ناموس رسالت کے خلاف کوئی سازش یا قانون برداشت نہیں کرسکتے۔ملک پر مسلط غلام استعماری ٹولہ پوری قوم کو اپنے آقائوں کی غلامی کی زنجیریں پہنانا چاہتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے