سالسبری: برطانیہ میں دو ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے جنوبی شہر سالسبری میں لندن روڈ کے ریلوے اسٹیشن پر دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 17 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ حادثے میں زخمی ٹرین ڈرائیور سمیت دیگر افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں وہ زیر علاج ہیں۔
حادثے کے نتیجے میں علاقے میں ٹرین سروس کو معطل کردیا گیا ہے جب کہ برٹش ٹرانسپورٹ پولیس نے حادثے میں کسی ہلاکت کے نہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق واقعہ گزشتہ روز شام سات بجے کے قریب پیش آیا جس میں ایک ٹرین ٹنل سے ٹکرائی جس کے بعد دوسری ٹرین سگنل کے مسائل کی وجہ سے متاثرہ ٹرین سے جاٹکرائی۔
حادثے میں زخمی ایک شہری کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد ٹرین میں ایک دم اندھیرا چھا گیا جس کے بعد لوگوں میں خوف پھیل گیا اور انہوں نے چیخ و پکارشروع کرتے ہوئے بھاگنا شروع کردیا۔

