کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا لیکن آج تک سود کی معیشت ختم نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے ہرگزرتے دن کے ساتھ ملکی قرضوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حضور کی آمد کا مقصد دین کو غالب کرنا تھا تاکہ نظام حکومت،سیاست ،عدالت ،معیشت دین کی ہدایت کے مطابق چلیں، ظالم حکمران جوقیام پاکستان سے اس ملک پر مسلط ہیں وہ اپنے مفادات اورمغرب کی خوشنودی کے خاطر ہمیں ہمارے حقوق سے محروم کرتے ہیں ۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسلام زندگی کے ہرشعبے میں رہنمائی کرتا ہے اللہ کے رسول نے دین کو عملی طور پر نافذ کرکے رہتی دنیا تک کے لیے ایک مثال قائم کی اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ان کے امتی ہونے کے ناطے آپکی ہدایات اور احکامات کو اپنی ذات ،گھر اور معاشرے پر نافذ کرنے کے لیے ہر ممکن جدوجہد کریں ۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ دین کو قائم کرنے والی اجتماعیت سے وابستہ ہوں، آج ہماری معیشت اسلامی احکامات کے بالکل بر خلاف چل رہی ہے دوسری طرف ملک کے عدالتی نظام میں کمزور لوگوں کے لئے الگ اور طاقتور لوگوں کے لیے الگ ضابطے ہیں اس میں رشوت کا بازار گرم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک میں لوگ امریکہ سے آتے ہیں وزارت چلاتے ہیں اورحکومت ختم ہوتے ہی واپس امریکا چلے جاتے ہیں، اس ملک کو چلانے والوں کی اکثریت نے اپنے بچوں کو بیرون ملک سیٹ کیا ہوا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ہمارے نبی نے زندگی کے ہر شعبے میں اسلامی نظام قائم کیاتھا اس قائم شدہ نظام کے ہم پاسبان ہیں، اب ہم پر لازم ہے کہ دین کی بنیاد پر ایک تحریک برپا کریں اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام قائم کرنے کے لیے اپنے وقت ،صلاحیت اور وسائل کو اس راستے میں پیش کریں۔

