دبئی: ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا صلہ مل گیا، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون بیٹسمین بن گئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے، جس میں بابراعظم نے انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان سے نمبر ون ہونے کا اعزاز چھین لیا۔ آئی سی سی کی بلے بازوں کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بابراعظم 834 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر آگئے ہیں، انگلش بلے باز ڈیوڈ ملان 798 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر تنزلی ہوگئی ہے، جبکہ آسٹریلیا کے ایرن فنچ کا 733 پوائنٹس کے ساتھ تیسرا نمبر ہے۔
بلے بازوں کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کے وکٹ کیپر محمد رضوان 731 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور بھارتی کپتان کوہلی 714 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

