
جنیوا (انٹرنیشنل ڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے براعظم یورپ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر خبردار کیا ہے کہ یورپ ایک بار پھر کورونا وبا کا مرکز بن رہا ہے۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران یورپ میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ہانس کلوگ نے کہا کہ یورپ میں فروری تک 5لاکھ مزید اموات ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے اس کی ذمے داری ناقص ویکسینیشن مہم پر عائد کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی حکمت عملی کو بدلنا ہو گا۔ اس کے بجائے کہ ہم کورونا کے بڑھنے پر اقدامات کریں، ہمیں ابتدا میں ہی ایسی صورت حال پیدا ہونے سے روکنا ہو گا۔ متعدی امراض سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ میں ادارہ صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے دنیا بھر میں نئے کورونا کیسوں کی تعداد میں 3فی صد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ یورپ میں نئے کیسوں میں سب سے زیادہ 6 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جب کہ شمالی اور جنوبی امریکا کے خطوں میں بھی نئے کیسوں کی تعداد بڑھی ہے۔ دوسری جانب مشرقی بحیرئہ روم کے علاقوں، افریقااور جنوب مشرقی ایشیا میں کورونا کیسوں کی تعداد گھٹ رہی ہے۔
