English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پیٹرول کے بعد بجلی مزید 1.63 روپے م�نگی

اٹک :وزیراعظم عمران خان مد ر اینڈ چائلڈ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں

اسلام آباد/اٹک ( نمائندہ جسارت+آن لائن +صباح نیوز) حکومت نے رات گئے پیٹرول بم گرانے کے بعد ملک بھر میں بجلی بھی مزید مہنگی کرنے کا اعلان کردیا۔نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے گھریلوصارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 68 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔کمرشل، صنعتوں اور باقی شعبوں کے لیے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ ایک روپیہ 39 پیسے اضافہ ہوگا۔قیمتوں میں اضافے سے بجلی کے یونٹ کی قیمت 24 روپے 33 پیسے تک ہوگئی۔نیپرا کے مطابق ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے بجلی مہنگی نہیں ہو گی۔ نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافہ بنیادی ٹیرف میں کیا گیا ہے اور اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے لیے ہو گا۔نیپرا کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق یکم نومبر 2021 ء سے شمار ہوگا۔نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے سے حکومت کو سالانہ 135 ارب روپے حاصل ہوں گے۔خیال رہے کہ وزیراعظم کی جانب سے عوام کے لیے ریلیف پیکیج کے ایک روز بعد ہی رات گئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا جس کے بعد پیٹرول کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 8روپے 3پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 145روپے 82پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں8روپے 14پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 6روپے27 پیسے اضافے سے 116 روپے53 پیسے ہوگئی ہے۔اْدھر اٹک میں تقریب زچہ وبچہ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا میں سب سے سستا پیٹرول پاکستان میں ہے،بھارت میں پیٹرول اب بھی 250 روپے لیٹر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں 3 شوگر ملز کو بند کر دیا گیا، اس کی وجہ سے چینی کی قلت پیدا ہوگئی اور قیمت 140 روپے پر پہنچ گئی،شوگر ملز مالکان نے مختلف معاملات پر جولائی سے اسٹے آرڈر لے رکھے ہیں،ان کے خلاف کارروائی نہیں ہوپارہی۔عمران خان نے کہا کہ ہم 2 یا 3 سال کا نہیں 5 سال کا مینڈیٹ لے کر آئے ہیں،5 سال بعد فیصلہ ہوگا کہ عام لوگوں کی زندگی بہتر ہوئی یا نہیں، 5 سال میں کمزور طبقے کی زندگی بہتر ہو جائے تو سمجھوں گا کامیاب ہوگیا۔وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پر کوئی تنقید کرے تو اس سے کہیں ہماری کارکردگی 5 سال بعد دیکھیں۔عمران خان کے بقول غریب عوام پر مہنگائی کے اثرات کا پوری طرح سے احساس ہے،کبھی کسی حکومت نے غریبوں کے لیے اتنا کام نہیں کیا، ہمارا مقابلہ مافیاز سے ہے، کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 2 بڑے خاندانوں ملک کو 30 سال میں معاشی طور پرکمزور کردیا، پاکستان بھارت اور بنگلا دیش سے بھی پیچھے چلا گیا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور غریب عوام پر بوجھ کم کرنے کی خاطر حکومت 450ارب کا خسارہ خود سے برداشت کر رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے