English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عراقی پولیس اور مظاہریں میں جھڑپیں ،2شہری ہلاک ، 125 زخمی

بغداد: دھرنے کے لیے نصب کردہ خیمے جل کر تباہ ہوگئے ہیں‘ جھڑپوں میں زخمی ہونے والوں کو امداد دی جارہی ہے

بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراق کے دارالحکومت بغداد میں سیکڑوں ایران نواز مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں 2 افراد ہلاک اور 125 زخمی ہوگئے۔ مظاہرین عراق کے حالیہ پارلیمانی انتخابات میں ایران نواز سیاسی گروہوں کی ناکامی سے ناراض ہیں۔ بغداد میں جمعہ کے روز مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں ہلاکتوں اور لوگوں کے زخمی ہونے کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ عراقی وزارت صحت نے کم از کم 125افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے سیکورٹی فورسز تعینات کر دی گئیں۔ مظاہرین اکتوبر میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے نتائج سے ناراض ہیں۔ اس الیکشن میں ایران نواز گروہوں کو پارلیمان میں اپنی نشستیں گنوانی پڑی ہیں۔ مقتدیٰ الصدر کی جماعت کوسب سے زیادہ نشستیں حاصل ہوئی ہیں، گوکہ وہ ایران کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، لیکن ملک میں غیرملکی مداخلت کے مخالف ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گزشتہ ماہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں ایران نواز سابق عسکری تنظیم حشدشعبی کے سیاسی بازو کی نشستوں کی تعداد کم ہوگئی ہے، جسے اس کے حامیوں نے دھاندلی قرار دے کر اس کی مذمت کی ہے۔ جمعہ کے روز تنظیم کے سیکڑوں حامیوں نے بغداد میں سخت سیکورٹی والے گرین زون کے قریب مظاہرہ کیا، جہاں امریکی سفارت خانے کے عملے کی رہایش گاہیں، سرکاری عمارتیں اور الیکشن کمیشن کے دفاتر واقع ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے پتھراؤ کیا اور گرین زون کی طرف سے جانے والے راستے بند کر دیے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل داغے اور ہوائی فائرنگ کی۔ عراقی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا کہ 125افراد زخمی ہوئے، جن میں 27 شہری اور بقیہ سیکورٹی فورسز کے اہل کار ہیں۔ وزارت نے کسی کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی، تاہم بعض ذرائع نے 2 افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔ ایران نواز سابق عسکری تنظیم حشد شعبی کی قیادت والا فتح اتحاد حالیہ پارلیمانی انتخابات میں گزشتہ پارلیمان میں اپنی نشستوں کے اعتبار سے دو تہائی نشستوں پر شکست سے دوچار ہوا ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے