الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت اور سندھ میں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے وزارت داخلہ کو 10 جبکہ سندھ حکومت کو 15 روز میں دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ الیکشن کمیشن میں صوبہ سندھ اور وفاقی دارالخلافہ اسلام آباد میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی۔کیس کی سماعت شاہ محمد جتوئی اور نثا ر احمد درانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔صوبائی گورنمنٹ کی طرف سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ پیش ہوئے ۔ الیکشن کمیشن میں سندھ میں انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کیس کی سماعت مورخہ 6 اکتوبر 2021 کو ہوئی تھی جس میں صوبائی حکومت سندھ کو ایک ماہ کا وقت دیا گیاتھا کہ وہ الیکشن کمیشن کو سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے مروجہ قوانین میں ترامیم نقشہ جات و دیگر ڈیٹا فراہم کرے تاکہ صوبہ میں حلقہ بندی اور بلدیاتی الیکشن کا انعقا د ممکن بنایا جا سکے یاد رہے کہ سندھ میں بلدیاتی اداروں کی معیاد 30اگست 2020 کو ختم ہوئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے صوبہ میں حلقہ بندی اور الیکشن کے انعقاد کے لئے متعدد مراسلے جاری کئے ، اجلاس طلب کئے اور کیس کی سماعت کی گئی لیکن الیکشن کمیشن کو صوبہ میں حلقہ بندی اور الیکشن کے انعقاد کے لئے ضروری معاونت فراہم نہیں کی گئی۔ مذکورہ کیس کی سماعت کے دوران سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کمیشن کو بتایا کہ سندھ گورنمنٹ ضروری قانون سازی پر کام کر رہی ہے جس کے لئے وقت درکار ہے لیکن کوئی ٹائم فریم دینے سے گریز کیا۔
الیکشن کمیشن نے تما م حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے صوبائی حکومت کو 15دن کاوقت ہے دیا کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013کے مروجہ قوانین میں ضروری ترامیم کرکے نقشہ جات و ضروری ڈیٹا الیکشن کمیشن کو فراہم کرئے بصورت دیگر الیکشن کمیشن مورخہ یکم دسمبر 2021سے موجودہ قوانین کے مطابق حلقہ بندی کا آغازکردےگااور حلقہ بندی کی تکمیل کے بعد صوبہ میں فوری الیکشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔ وفاقی دارالخلافہ اسلام آبادمیں الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے سماعت کے دوران سیکرٹری وزرات داخلہ نے بھی موقف اختیار کیا کہ ضروری قانون سازی کے لئے وقت درکار ہے۔ انہوں نے بھی ٹائم فریم دینے سے گریز کیا۔ دوران سماعت الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت سندھ اور وزارت داخلہ کے موقف کا سختی سے نوٹس لیا الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وزرات داخلہ کو 10دن کی مہلت دی جاتی ہے کہ وہ ضروری قانون اور حلقہ بندی کے لئے ضروری دستاویزات مذکورہ بالاوقت کے اندر فراہم کرے بصورت دیگر الیکشن کمیشن پہلے سے مہیا کردہ 50یونین کونسلوں کے مطابق حلقہ بندی کی تکمیل کے بعد وفاقی دارالخلافہ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈو ل جاری کر دے گا .

