لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ محمد ﷺ کی پیدائشِ مبارکہ سے لیکر وفات تک کے تمام گوشوں اور آپﷺ کی ذات مقدس وصفات عالیہ، عبادات ومعاملات، فضائل ومعجزات، احوال وارشادات کائنات کیلیے باعث رحمت اور امت کیلیے دنیا و آخر ت میں کامیابی کی ضمانت ہیں۔ دنیا میں جتنے بھی پیغمبر رب کائنات نے مبعوث فرمائے سب نے خداوند کریم کی وحدانیت کا پیغام دیا کہ اللہ واحد لا شریک ہے اور اس کے علاوہ کوئی معبود نہیں اور یہی پیغام نبی آخر الزماں ؐ، احمد مجتبیٰؐ،محمد مصطفی ﷺ نے بھی دیا اور کعبہ کو بتوں سے پاک کردیا گیا۔آپﷺ کا دیا ہوا نظام زندگی قیامت تک کے انسانوں کیلیے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی اور آرسوسائٹی میں ’’ نبی ﷺ کی سیاست اور اسلامی ریاست‘‘ کے عنوان سے سیرت النبی ﷺکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں سابق ایم پی اے او ر سینئر رہنما جماعت اسلامی سید احسان اللہ وقاص، امیر زون 167چودھری محمد اقبال، امیراین سی 342رحمن پارک بی او آر سوسائٹی سید برہان حسین، بلدیاتی نمائندے غلام مصطفی، معروف مذہبی اسکالر پروفیسر محمد یحییٰ سمیت بڑی تعداد میں اہل علاقہ نے شرکت کی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں قرآن و سنت کا نظام چاہتی ہے۔ ملک و قوم کے تمام مسائل اور دکھوں کا مداواصرف اور صرف قرآن و سنت کے نظام کے نفاذسے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نعرے تو ریاست مدینہ کے بلند کرتی ہے لیکن اس کی عملی شکل کہیں نظر نہیں آتی۔ ہمارے حکمرانوں کے تبدیلی اور مدینہ کی ریاست کے اعلانات اور دعوے صرف تقاریر اور خطابات تک محدود ہیں جو ایک افسوسناک امر ہے۔امیر لاہور نے شرکا کانفرنس میں قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دیانتدار قیادت ہی عوام کے مسائل کو حل کرسکتی ہے۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور سودی نظام کے خلاف جماعت اسلامی کاساتھ دے۔ عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے جماعت اسلامی کی قیادت کو موقع دیا تو ان شاء اللہ قرآن و سنت کے نظام کو نافذ کر کے ملک و قوم کی تقدیر بدل دیں گے اور قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔
