English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

چین اور امریکہ کا پیرس معاہدے کے نفاذ کو مضبوط بنانے کا عہد

چین اور امریکہ نے گلاسگو میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کے دوران “2020 کی دہائی میں موسمیاتی ایکشن کو مضبوط بنانے کے بارے میں چین-امریکہ گلاسگو مشترکہ اعلامیہ” جاری کیا۔ دونوں فریقوں نے اب تک کیے گئے کام کی تعریف کی اور پیرس معاہدے کے نفاذ کو مضبوط بنانے کے لیے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کا عہد کیا۔اعلامیے میں مشترکہ لیکن مختلف ذمہ داریوں اور اپنی اپنی صلاحیتوں کے مطابق کام کرنے کے اصولوں کی بنیاد پر، ہر ملک کے قومی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے، موسمیاتی بحران کا مثر طریقے سے جواب دینے کے لیے مضبوط ماحولیاتی اقدامات کرنے پر زور دیا گیا۔ دونوں فریقوں نے دونوں ممالک کے درمیان موسمیاتی تبدیلی پر تعاون اور کثیرالطرفہ عمل کو فروغ دینے کے لیے “2020 کی دہائی میں بہتر موسمیاتی ایکشن پر ایک ورکنگ گروپ” کے قیام پر اتفاق کیا۔ایک رپورٹ کے مطا بق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا، جس میں چین اور امریکہ کی طرف سے ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کرنے کا خیرمقدم کیا گیا۔انتونیو گوئترس نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے چین-امریکہ مشترکہ اعلامیہ موسمیاتی ایکشن کو مضبوط بنانے کے لیے “صحیح سمت میں ایک اہم قدم” ہے۔چین اور امریکہ کی جانب سے ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق مشترکہ اعلامیے کے اعلان کے بعد، یورپی کمیشن کے نائب چیئرمین اور یورپی یونین کی موسمیاتی پالیسی کے سربراہ ٹیمر مینز نے مقامی وقت کے مطابق 10 تاریخ کی شام کو اس کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور امریکہ کے درمیان مشترکہ اعلامیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک نے آج بنی نوع انسان کو درپیش سب سے بڑے چیلنج پر مشترکہ بنیاد تلاش کر لی ہے۔ اس سے ماحولیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن کے فریقین کی 26ویں کانفرنس میں تمام فریقوں کے درمیان مشترکہ قرارداد تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے