English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارت مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی بند کرے،دفتر خارجہ

القمر

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) پاکستان نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے 5500 اضافی دستوں کی حالیہ تعیناتی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ قابض بھارتی افواج کشمیریوں پر ناقابل تصور
جبر و استبداد اور مظالم ڈھا رہی ہیں جس میں پیلٹ گنز کا استعمال،جعلی مقابلوں میں ماورائے عدالت شہادتیں، جبری گمشدگیاں، عدل وانصاف کے منافی قید و بند کی صعوبتیں اور حراست کے دوران قتل کی بہیمانہ وارداتیں شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ارتکاب پر مبنی دستاویزی شواہد پر مشتمل جامع ڈوزئیر پاکستان پہلے ہی عالمی برادری کے سامنے پیش کرچکا ہے جس میں غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانیت کے خلاف ہونے والی وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کو قلم بند کیاگیا ہے۔ترجمان نے کہا ہے کہ دنیا کے سب سے زیادہ فوج زدہ علاقے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ان اضافی دستوں کی تعیناتی سے کشمیری عوام پر جبر و استبداد اور مظالم میں مزید اضافہ ہوگا جہاں پہلے سے ہی 9 لاکھ سے زائد قابض فوج موجود ہے، کمیونٹی سینٹرز میں قابض بھارتی افواج کو رہائش دینا، شہروں میں اضافی مورچے بنانااور یومیہ بنیادوں پر کشمیری مردو زن کے ساتھ جارحیت ، بدسلوکی اورجامہ تلاشی بھی انتہائی قابل مذمت ہے۔دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک بار پھر بھارت پر زور دیتا ہے کہ غیرقانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی اور ظلم روکے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فی الفور بند کرے، غیرانسانی فوجی محاصرہ ختم کرے اور غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں درج استصواب رائے کا حق استعمال کرنے دے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے