اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ تربت ائرپورٹ اور گوادر اور تربت میں2نرسنگ کالجز کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ پھیلی آبادی اور بلوچستان میں طویل فاصلوں کی وجہ سے بلوچستان کے مسائل ملک کے دیگر حصوں سے مختلف ہیں اور ہمیں بلوچستان کے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے غیر معمولی حل نکالنا ہو
گا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت جنوبی بلوچستان کے ترقیاتی پیکج پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین، وفاقی وزیر ترقی، منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات اسد عمر، وفاقی وزیر صنعت وپیداوار خسرو بختیار،وزیر بحری امور علی زیدی، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک سال میں ایپکس کمیٹی کا صرف ایک اجلاس ہوا، جس پر وزیراعظم نے ترقیاتی منصوبوں کی سست روی اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی سربراہی میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے665ارب روپے کے200ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے کے لیے ہر ماہ ایپکس کمیٹی اور ہر 15روزمیں ایگزیکیوشن کمیٹی کے اجلاس منعقد کرنے پر زور دیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تربت ائرپورٹ کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے اور گوادر اور تربت میں 2 نرسنگ کالجز جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔ عمران خان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے اور کسی بھی رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے وہ ہر ماہ جائزہ اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پھیلی آبادی اور بلوچستان میں طویل فاصلوں کی وجہ سے بلوچستان کے مسائل ملک کے دیگر حصوں سے مختلف ہیں اور ہمیں بلوچستان کے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے غیر معمولی حل نکالنا ہو گا۔ وزیر اعظم نے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، توانائی ، بحری امور کی وزارتوں اور حکومت بلوچستان کو ہدایت دی کہ وہ توانائی ، ٹرانسپورٹ اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں کام کی رفتار تیز کرنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطے رکھیں۔بریفنگ میں وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ بلوچستان وسائل سے مالا مال ہے اوروہ ملک کی گیس کی40فیصد ضروریات پوری کرتا ہے، صوبے کے درپیش مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کا کردار انتہائی اہم ہے۔وزیر اعظم نے حکومت بلوچستان کو ہدایت دی کہ وہ نچلی سطح تک اپنی گورننس کے نظام میں تبدیلی لائیں تاکہ نہ صرف ترقیاتی کاموں پر کام کی رفتار تیز ہو سکے بلکہ عام آدمی کو بھی بہتر خدمات کی سہولیات میسر ہوں۔ وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ حکومتی اقدامات کے حوالے سے عوام کی آگاہی کے لیے موثر میڈیا مہم کا بھی آغاز کیا جائے۔

