
انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی میں ایک اسرائیلی جوڑے کو سیکورٹی حکام نے ایک حساس مقام کی تصویر بنانے پر گرفتار کر لیا ہے۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق اس جوڑے کو ترک صدر کے ایک گھر کی تصویر بنانے پر گرفتار کیا گیا۔ اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے ایک ترجمان نے اس جوڑے کی ترکی میں گرفتار کیے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔ اس گرفتاری کے حوالے سے ابتدا میں یہ بھی واضح نہیں تھا کہ ان کو کس بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھی نہیں معلوم تھا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان کے کس گھر کی تصویر بنائی گئی تھی۔ ترک حکام نے بھی گرفتاری کے بعد مناسب وضاحت نہیں دی تھی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایک اسرائیلی خاتون نے اپنے خاندان کو ایک مکان کی تصویر بھیجی اور اس کے ساتھ لکھا کہ کتنا خوبصورت گھر ہے۔ یہ اسرائیلی جوڑا ترکی اپنے کسی ایک ساتھی کی سالگرہ منانے گیا ہوا تھا۔ یہ دونوں استنبول کے ایک ہوٹل میں ٹھیرے ہوئے تھے اور منگل کو واپس اپنے وطن پہنچنے والے تھے۔ جب یہ دونوں واپس نہیں پہنچے تو ان کے خاندان کو فکر لاحق ہو گئی۔ شادی شدہ اسرائیلی جوڑے کے ساتھ ایک مقامی ترک باشندے کو بھی حکام نے حراست میں لے رکھا ہے۔ انہیں ایک مقامی ٹیلی وژن اور ریڈیو کے نیٹ ورک کے ایک ملازم کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا۔
