English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

الیکٹرونک ووٹنگ سے 70 سال پرانے مسئلے ختم ہونگے ،وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ جسارت+اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے 70سال پرانے مسئلے ختم ہوجائیں گے۔جمعرات کو سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل پورٹل کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ جو لوگ پرانے کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھا رہے ہیں وہ تبدیلی نہیں آنے دیتے، مرے ہوئے لوگوں کے ووٹوں کا اندراج کرایا ہوا ہے، ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے سے زیادہ احمقانہ بات اور کیا ہوسکتی ہے، اس لیے ہمیں الیکٹرونک ووٹنگ مشین کی منظوری سے بہت خوشی ہوئی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال15 لاکھ ووٹ ضائع ہوئے، پاکستان کا مسئلہ ہی یہ ہے کہ کرپٹ سسٹم کو بچانے والے بیٹھے ہیں ای وی ایم دھاندلی کے تمام راستے بند ہوجائیں گے، نئی ٹیکنالوجی سے مجھے کیا فائدہ ہے؟ 30 سال سے خفیہ بیلٹ سے پیسہ چل رہا تھا،دونوں جماعتوں نے مخالفت کی، ایک طرف کرپٹ اسٹیٹس کو تو دوسری طرف نئی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ عمران خان کے بقول
ایف بی آر میں آٹومیشن کی کوشش کی لیکن اسے ایف بی آر نے ہی رکوا دیا، یوٹیلیٹی اسٹورز میں جانچ کے لیے اقدامات کا فیصلہ کیا لیکن یوٹیلیٹی اسٹور میں کام کرنے والوں نے ہی اسٹے آرڈر لے لیا۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم نے کبھی سمند پارپاکستانیوں کو اثاثہ نہیں سمجھا، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنے سے اب ہر حکومت ان کی قدر پر مجبور ہوجائے گی، اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کی سیاست اور جمہوریت میں شامل کرلیا ہے، ان کے لیے پاور آف اٹارنی کا بڑا مسئلہ تھا ہم نے ان کا یہ معاملہ بھی حل کیا،ذاتی موجودگی ضروری نہیں، ڈیجیٹل پورٹل ابتدائی طور پر 10ممالک میں شروع کیاجارہا ہے، محنت کش پاکستانیوں کی وجہ سے ملک چل رہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ 1970ء کے بعد الیکشن شفاف نہیں ہوئے، 3سال کی کوشش کے بعد ٹریک اور ٹریس سسٹم لارہے ہیں، اپوزیشن سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی کیوں مخالف ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے پیسے سے ملک چلتا ہے لیکن ان کے پاس ووٹ کا حق نہیں تھا جو کہ غلط تھا، اوورسیز پاکستانیوں کے پلاٹس پر قبضے ہو جاتے ہیں, اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پاکستان میں کام کرنا مشکل ہوتا ہے،اوورسیز پاکستانی جب بھی بزنس کرنے کی کوشش کرتے ہیں انہیں نقصان ہوتا۔ وزیراعظم کاکہنا تھاکہ عرب ممالک میں پاکستانیوں کی آسانی کے لیے وزیرخارجہ نے پورٹل بنایا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے ماہر معاشیات آرتھر بیٹز لافر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر مشیرِ خزانہ شوکت فیاض ترین بھی موجود تھے۔ملاقات میں پاکستانی ٹیکس کے نظام کی مختلف جہتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا،پوری دنیا میں رائج ٹیکس نظام کی مثبت اور منفی اثرات پر بھی گفتگو کی گئی۔اس موقع پرعمران خان نے کہا کہ حکومت ٹیکس کے نظام میں بہتری اور آسانی کو یقینی بنا رہی ہے، ٹیکس کی ریکارڈ وصولی عوام کے حکومت پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے