English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

یوکرائن اور روس کے درمیان جنگ کے بادل

یوکرائن: روس سے متصل سرحد کے قریب فوج جنگی مشقیں کررہی ہے

کیف ؍ ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) یوکرائن نے روس کی جانب سے ممکنہ حملے کے بڑھتے ہوئے خطرات سے خبردار کردیا۔ برلن متعینہ یوکرائنی سفیر آندرچ میلنک نے اپنے بیان میں یوکرائن کی سرحد پر روسی دستوں کی تازہ ترین نقل و حرکت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء میں مشرقی یوکرائن اور کریمیا کے کچھ حصوں پر روسی قبضے کے بعد سے روس کے یوکرائن پر حملے کا خطرہ کبھی اتنا شدید نہیں تھا، جتنا اس وقتہے۔ یوکرائن کے علاوہ مغربی ممالک کے خفیہ اداروں نے بھی کہا ہے کہ یوکرائنی سرحد پر روسی فوجی تعیناتی میں بڑے پیمانے پر اضافہ نظر آ رہا ہے۔ یوکرائن کی مشرقی سرحد پر اور روسی سرحد سے متصل یوکرائن کے مقبوضہ صنعتی علاقے ڈونباس میں ایک لاکھ 14ہزار روسی فوجی تعینات ہیں۔دوسری جانب برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اپنے بیان میں کہا کہ یوکرائن اور پولینڈ کی سرحدوں پر مہم جوئی ایک المناک غلطی ہو سکتی ہے۔ جانسن نے روس کو خبردار کیا کہ ماسکو کو کسی بھی فوجی مہم جوئی کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔ بورس جانسن نے ارکان پارلیمان کی کمیٹی کو بتایا کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ماسکو جارحیت کے ذریعے علاقے پر تسلط قائم کرنے کا خیال دل سے نکال دے۔ کریملن کے لیے یہ سوچنا کہ فوجی مہم جوئی کے ذریعے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے، ایک سنگین غلطی ہوگی،جس کے بھیانک نتائج سامنے آئیں گے۔ جانسن کا تبصرہ یوکرائن کی سرحد پر روسی فوج کی نقل و حرکت کے بارے میں بڑھتے ہوئے مغربی خدشات کے دوران سامنے آیا۔ ماسکو پر الزام ہے کہ اس نے ایک اسکیم کی حمایت کی ہے، جس کا مقصد تارکین وطن کے لیے بحران پیدا کرنا تھا۔ ان مہاجرین میں سے زیادہ تر کا تعلق مشرق وسطیٰ سے ہے۔ روس منصوبے کے تحت ان کے لیے بیلاروس سے پولینڈ جانے کا راستہ کھولنا چاہتا ہے۔ سرحد کے دونوں جانب ہزاروں فوجیوں کو تعینات کیا گیا تھا،جب کہ بعد میں بیلاروس نے روسی چھاتابرداروں کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں بھی کی تھیں۔ ادھر روس اور امریکا کے سیکورٹی حکام نے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ جمعرات کے روز کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ روسی سلامتی کونسل کے سیکرٹری نکولائی پاتروشیف اور امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیوان نے آپس میں ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں سائبر سیکورٹی، یوکرائن کی صورت حال اور تارکین وطن کے بحران جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیان میں کہاگیا کہ یہ بات چیت روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر جو بائیڈن کی آیندہ دنوں ہونے والی سربراہ ملاقات کی تیاریوں کا حصہ تھی۔

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے