ڈھاکا (جسارت نیوز)پاکستان نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں بنگلا دیش کو8 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر
لی۔ گرین شرٹس نے 109 رنز کا ہدف18.1 اوورز میں 2 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔ فخر زمان نے57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ محمد رضوان 39 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں رہے۔ فخر زمان کو مرد میدان قرار دیا گیا۔ ہفتہ کو شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم، میرپور میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں بنگلا دیش کے کپتان محمد اللہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم نے مقررہ20 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر108 رنز بنائے۔ نجم الحسن شانتو 40 رنزکے ساتھ نمایاں رہے۔ دیگر بلے بازوں میں عفیف حسین 20، محمد اللہ 12 اور نورالحسن 11 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اوپنر محمد نعیم 2 اور سیف حسن بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے 2,2 جبکہ محمد وسیم، حارث رئوف اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف فخر زمان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 18.1 اوورز میں2 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔ فخر زمان 57 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ۔ محمد رضوان39 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں رہے۔ فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی20 میچ کل22نومبر کو کھیلا جائے گا۔
