پشاور (آن لائن) اے این پی کے سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ آئین میں تمام اداروں کا اختیار واضح ہے، سابق جج کا کردار آئین کی پامالی ہے، موجودہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ پاکستان کے ساتھ ایک خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں، آئین کو ہر حالت میں مقدم رہنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میاں افتخار نے کہا کہ سابق چیف جسٹس کی شہرت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، موجودہ وزیراعظم کو صادق اور امین قرار دینے والا ایکسپوز ہوچکا ہے، جس کی ایمانداری خود مشکوک ہو، وہ کسی اور کو
کیا صادق اور امین قرار دے گا۔ انتخابی دھاندلی کے لیے ایک واٹس اپ گروپ بنایا گیا جس میں ثاقب نثار جیسے افراد شامل تھے۔عدلیہ کے دامن پر سابق چیف جسٹس کا کردار ان مٹ نقوش چھوڑ کر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لیک آڈیو میں سابق چیف جسٹس خود کہہ رہے ہیں کہ انہیں حکم دیا گیا کہ کس کو گرفتار کریں، کس کو سزا دیں؟، ماتحت ججوں کو احکامات جاری کرکے لوگوں کو سزائیں دلانے کے بعد کوئی بات چھپی نہیں رہی۔ فارنزک کے بعد آڈیو ٹیپ کی صداقت ثابت ہوچکی ہے۔ عمران خان کے لیے پری پول دھاندلی کی گئی، لوگوں کو سزا ئیں دی گئیں اور نااہل کیا گیا۔
