پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن نے فیفا ہاوس نارملائزیشن کمیٹی کے سپرد کرنے کے ساتھ فوری الیکشن کا مطالبہ کردیا ہے۔اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے آفس میں پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے پریس کانفرنس کی جس میں خالد شیخ، رانا شوکت علی، اقبال شیخ اور راجہ اشتیاق کا موقف تھا کہ حکومت فوری طور پر فٹبال ہاوس نارملائزیشن کمیٹی کے حوالے کروائے اور فیفا فوری طور پر پاکستان فٹبال پر عائد بین الاقوامی پابندیوں کو ہٹائے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 2015سے فٹبال بحران کے باعث ہزاروں فٹبالرز کا مستقبل تاریک ہو چکا ہے ۔ فیفا کی اعانت کے بغیر فٹبال کا کھیل فروغ نہیں پاسکتا، 27 مارچ کو فیفا ہاوس پر قبضہ کے باعث پاکستان کی فیفا رکنیت معطل ہوئی تھی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس کو فیفا کی ہابندیوں کا سامنا ہے۔ فیفا ہاوس کو فوری طور پر نارملائزیشن کمیٹی کے حوالے کیا جانا چاہیے۔ این سی سے درخواست ہے رکنیت بحال ہوتے ہی فوری آئین کے مطابق الیکشن کروایا جائے اور نارملائزیشن کمیٹی اسٹیک ہولڈر کی نمائندہ کمیٹی تشکیل دے۔

