ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

رواں سال ریکارڈ ٹیکس جمع ہوا،وزیراعظم

اسلا م آباد: وزیراعظم عمران خان وفاقی کابینہ کے اجلا س کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد(خبرایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں رواں سال ریکارڈ ٹیکس جمع ہوا،امید ہے ہم 6 ہزار ارب ٹیکس جمع کرلیں گے۔منگل کو ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہناتھاکہ یہ ایک ایسا قدم ہے جس کے بارے میں مجھے شک ہونا شروع ہوگیا تھا کہ شاید ہمارے 5 برس میں مکمل نہ ہو،ایف بی آر اور حکومتیں 2008 ء سے اس نظام پر کام کر رہی تھیں لیکن اب 2021ء میں جاکر اس کا افتتاح ہوگیا ہے اور آج سے شوگر انڈسٹری پر یہ نظام لاگو ہوگا اور پھر سیمنٹ، فرٹیلائزر اور سریا سمیت دیگر شعبوں میں ہوگا۔عمران خان نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ملک کوچلانے کے لیے پیسہ نہیں ہے، پاکستان میں لوگ زکوۃ اور خیرات تو بہت دیتے ہیں لیکن ٹیکس نہیں دیتے جب کہ ہمیں ملک چلانے کے لیے ٹیکس کا پیسہ چاہیے، ماضی میں ہمارے ملک میں کوئی ٹیکس کلچر ہی نہیں بنا۔وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں لوگ ٹیکس چوری کرنا نیک کام سمجھتے تھے، مقروض ملکوں کے حکمرانوں نے کیسے کیسے خرچے کیے اس کے بارے میں کیا بتاؤں، سابق حکمرانوں نے بیرون ملک دوروں پربہت زیادہ پیسے خرچ کیے، 6 ٹریلین قرضہ تھا 10 سال میں 30 ٹریلین قرضہ ہوگیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ اتنے قرضے لینے کے بعد بھی ملک میں کوئی ڈیم نہیں بنا، قرض لینے والوں کو سزائیں ہونی چاہییں، 10 سال میں اتنا قرض لینے کے باوجود ڈیم بنائے نہ کوئی بڑا کام کیا بلکہ ماضی میں حکمرانوں نے بیرونی دوروں پر دس دس گنا زیادہ خرچ کیا۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ملک میں ٹیکس کلچر بڑھانے کی ضرورت ہے اور رواں سال ریکارڈ ٹیکس جمع ہوا، ریونیو کے حصول میں ایف بی آر کا بہت بڑا کردار ہے، ٹیکس کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کریں گے۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے تحریک انصاف کے رہنما غوث علی شاہ نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر بھی شریک تھے۔اس ملاقات میں غوث علی شاہ نے سندھ کی سیاسی صورتحال اور وفاقی حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی۔اس کے علاوہ وزیرِاعظم نے سندھ بالخصوص کراچی اور حیدر آباد میں ملک کے باقی حصوں کے مقابلے میں اشیاء ِ ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

 

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں