کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کی ڈومیسٹک میچ فیس پالیسی میں تبدیلی کردی گئی۔ذرائع کے مطابق اب سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک میچ فیس ہی ملے گی اور اس کی وجہ یہ ہے کہ پی سی بی نے اچانک ہی سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک میچ کھیلنے پردی جانے والی مراعات کی پالیسی تبدیل کردی ہے۔پی سی بی کی جانب سے پالیسی بدلنے پر کھلاڑی تشویش میں مبتلا ہیں، کرکٹرز کا اس حوالے سے کا کہنا ہے کہ پالیسی بتائے بغیر اچانک تبدیل کی گئی ہے۔کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے تو پیسہ کرکٹرز کے لیے قرار دیا تھا لیکن اب تو کرکٹرز کے ہی پیسے کم کر دیے گئے ہیں۔اس حوالے سے جب پی سی بی سے رابطہ کیا گیا تو پتا چلا کہ ہر سطح پر معاوضوں کی تفریق ختم کی گئی ہے اور سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو اب یکساں میچ فیس ملتی ہے، سنیارٹی کے لحاظ سے اب سلیب سسٹم کا نظام لاگو نہیں رہا۔
