English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مقبوضہ کشمیر ،قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں 3 نوجوان شہید،محبوبہ مفتی نظر بند

القمر

سری نگر (اے پی پی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں سری نگر میں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوج نے نوجوانوں کو سری نگر کے علاقے رام باغ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ تینوں نوجوان عام شہری تھے جو ایک گاڑی میں جارہے تھے اور بھارتی فوج نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کرکے ان کوشہیدکردیا۔ نوجوانوں کی شہادت پر علاقے میں زبردست احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجی قتل وغارت کے دوران اس طرح قہقہے لگاتے اور مذاق اڑاتے ہیں جیسے وہ شکار پر ہوں۔ انہوں نے بھارتی فوج کی طرف سے کشمیریوں کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران شدید سردی میں کھلے آسمان تلے کھڑے رہنے پر مجبور کرنے کی مذمت کی ہے۔ دریں اثنا ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ خرم پرویز کی گرفتاری اس بات کی ایک اور مثال ہے کہ بھارت میں کس طرح انسانی حقوق کے کام کو جرم قراردینے اور اختلاف رائے کو دبانے کے لیے انسداد دہشت گردی کے قوانین کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ بھارتی قابض انتظامیہ نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کو سری نگر میں گھر میں نظر بند کر دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض انتظامیہ نے محبوبہ مفتی کو گزشتہ ہفتے سری نگر کے علاقے حیدر پورہ میں ایک جعلی مقابلے میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری شہریوں الطاف بٹ اور ڈاکٹر مدثر گل کی رہائش گاہوں پر جانے کی اجازت نہیں دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے