English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ثاقب نثار بتائیں کس نے مجھے اور نواز شریف کو سزا دینے پر مجبور کیا،مریم نواز

اسلام آباد: ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز پریس کانفرنس کررہی ہیں

اسلام آباد ( آن لائن،صباح نیوز )مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بتائیں کس نے آپ کو مریم اور نواز شریف کو سزا دینے پر مجبور کیا۔ سابق چیف جسٹس نے انصاف کا قتل کیا، ان کی لیک آڈیو گناہوں کا اعتراف ہے۔ثاقب نثار کے گناہوں کا بوجھ عدلیہ نہ اٹھائے، عدلیہ اس معاملے سے خود کو علیحدہ کرلے، ججز کے ہاتھ میں ہے نواز شریف کو انصاف دیں اور اپنے چہرے سے اس دھبے کو دھوئیں، بدھ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نامور امریکی ادارے سے آڈیو کی فرانزک کی گئی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ یہ آڈیو ایڈیٹ نہیں ہے۔ جب یہ آڈیو سامنے آئی تو ثاقب نثار صاحب کا کہنا تھا کہ یہ ان کی آڈیو نہیں ہے، بعد ازاں ایک چینل کی مدد سے انہوں نے قبول کیا اورکہا کہ یہ آڈیو توڑ جوڑ کر بنائی گئی ہے، ثاقب نثار کو آج نہیں تو کل سچ بتانا پڑے گا۔ ثاقب نثار کی آڈیو گناہوں کا اعتراف ہے، ثاقب نثارنے انصاف کا قتل کیا، ان کی سازش کیخلاف قدرت کا نظام حرکت میں آچکاہے، کس نے انہیں کہا کہ عمران خان کو لانا ہے، بتائیں آپ کو کس نے مجبور کیا کہ نواز شریف اور مجھے سزا دیں اورآپ غیر قانونی اقدامات پر کیوں مجبور ہوئے اور وہ کون تھا جسے آپ بطور چیف جسٹس انکار نہیں کر سکتے تھے۔ ثاقب نثار22کروڑعوام کے مجرم ہیں، وہ جتنی جلدی غلطیاں سدھارلیں گے بہترہے ۔ پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے مریم نواز سے سوال کیا کہ میڈیا کے اشتہارات روکنے سے متعلق ان دنوں سوشل میڈیا پر آپ کی ایک آڈیو کلپ وائرل ہورہی ہے اس حوالے سے کیا کہیں گی؟ جس پر مریم نواز نے کہا کہ وہ آواز ان ہی کی ہے اور آڈیو درست ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں یہ نہیں کہہ رہی کہ وہ آڈیو جوڑ جوڑ کر بنائی گئی ہے یا میری آواز نہیں ہے، وہ میری آواز ہے۔مریم نے اس حوالے سے مزید کہا کہ یہ کافی پرانی بات ہے ، تب میں پارٹی کا میڈیا سیل چلارہی تھی، وہ بہت پرانی ہے لیکن میں نے جب کہہ دیا کہ میں یہ نہیں کہہ رہی کہ فلاں تقریر سے توڑ جوڑ کر بنائی گئی ہے تو یہ بات سامنے آگئی، آج کا جو ٹاپک ہے اسی پر رہیں، اس معاملے پر میں بہت لمبی بات کرسکتی ہوں۔ خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو میں مریم نواز کسی کو کہہ رہی ہیں کہ چار چینلز کو کوئی اشتہار نہیں جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے