مکہ مکرمہ (انٹرنیشنل ڈیسک) مسجد الحرام میں غیر معتمر نمازیوں کو 3 وقت طواف کی اجازت دے دی گئی۔ حرمین شریفین انتظامیہ کے ترجمان ہانی حیدر نے بتایا کہ مسجد حرام کی پہلی منزل پر غیر معتمر افراد کو طواف کی اجازت دی گئی ہے،تاہم اس حوالے سے اعتمرنا موبائل اپیلی کیشن کے ذریعے اجازت لینا لازم ہوگا۔ یہ اوقات صبح 7 بجے سے 10 بجے تک، شام 9 بجے سے رات 11 بجے تک اور رات 12 بجے سے صبح 3 بجے تک ہیں۔ اس دوران انہیں تمام خدمات فراہم کی جائیں گی،جن میں آب زمزم پینے کے انتظامات، سینی ٹائزیشن اور دروازوں اور داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی و صفائی شامل ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب میں حج تحقیقی مرکز کے بانی ڈاکٹر سامی عنقاوی نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کی تاریخ کو دستاویزی طور پر محفوظ کرنے کا منصوبہ شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے جلد ہی ویب سائٹ متعارف کرا دی جائے گی۔ یہ ویب سائٹ حرمین شریفین کی تاریخ کے ڈیجیٹل مرجع کی حیثیت کا حامل ہو گا۔ اسلامی فن کے عنوان سے منعقد ایک کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے عنقاوی نے کہا کہ اگر اداروں اور شخصیات کے بیچ کوششیں مشترکہ رہیں تو ڈیجیٹل منصوبے کو زیادہ سے زیادہ 5برس کا عرصہ درکار ہو گا۔ بصورت دیگر اس منصوبے کی تکمیل میں 50 برس بھی لگ سکتے ہیں۔
مسجد الحرام: غیرزائرین کو 3 وقت طواف کی اجازت
القمر
