کراچی(سید وزیر علی قادری) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کراچی میں 13دسمبر سے شروع ہونے والی سیریز میں اسٹیڈیم شائقین سے مکمل بھرا ہوگا۔پی سی بی کی درخواست پرنیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے 100فیصد گنجائش کے مطابق شائقین کو آنے کی اجازت دے دی ۔تاہم ویسٹ انڈیز کی ٹیم دورہ پاکستان کے لیے 9دسمبر کو کراچی پہنچے گی۔ اس سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ پی سی بی ہیڈکوارٹرکی ہدایت پر کراچی میں تعینات آفیشلز سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ لی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے 7 ویں ایڈیشن سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی آمد سے کراچی کی پی سی بی انتظامیہ کو فائدہ ہوگا۔ کراچی میں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے لیے گزشتہ روز قومی اسکواڈ کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق شائقین کی تمام ضروریات کو پورا کیا جائے گا جس میں پویلین میں بیٹھنے کی نشستوں ، کھانے پینے کے اسٹالز اور دیگر ضروری اقدامات سر فہرست ہیں۔ دریں اثنا پاکستان سپر لیگ میں تماشائیوں کو اجازت دینے کا فیصلہ دسمبر کے تیسرے ہفتے میں ہوگا۔اس اعلان سے شائقین کرکٹ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ نہ صرف ویسٹ انڈیز کی سیریز بلکہ پی ایس ایل کے 7ویں ایڈیشن کے لیے بھی پرجوش ہیں۔ذرائع کے مطابق 13سے 22دسمبر تک شیڈول ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے ٹکٹس کی فروخت آج سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ سب سے مہنگا ٹکٹ ایک ہزار روپے کا رکھا جائے گا،500اور 250 روپے کے ٹکٹس بھی دستیاب ہوں گے۔ ویکسینیشن کرانے والے 12 سال تک کے بچے بھی اہل خانہ کے ساتھ اسٹیڈیم آکر میچ سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔این سی او سی کی طرف سے ہدایات کے تحت تماشائیوں کومیچ کے دوران ماسک لگانا ضروری ہوگا۔کوویڈ پروٹوکول کی پالیسی پرعمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 9 دسمبرکوکراچی پہنچ رہی ہے۔سیریز میں 3 ٹی ٹوئنٹی اور اتنے ہی ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔کوویڈ صورتحال میں تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیم میں ہونے والی یہ پہلی سیریز ہوگی۔

