English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ممبئی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو شکست، دو میچز کی سیریز 0-1 سے بھارت کے نام

بھارت نے نیوزی لینڈ کو ممبئی ٹیسٹ میں 372 رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز ایک صفر سے اپنے نام کر لی ہے۔

کھیل کے چوتھے روز مہمان ٹیم نیوزی لینڈ نے 140 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو ہینری نکولس 36 اور رچن روندرا دو رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

نیوزی لینڈ کے بقیہ پانچوں کھلاڑی مجموعی اسکور میں 27 رنز کا ہی اضافہ کر سکے اور پوری ٹیم 167 رنز بنا سکی۔

یاد رہے کہ بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 325 بنائے تھے جب کہ دوسری اننگز سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 276 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی۔

مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم ممبئی ٹیسٹ کے دوران دباؤ کا شکار دکھائی دی اور وہ پہلی اننگز میں صرف 62 رنز بنا سکی تھی۔ کیویز کو میچ جیتنے کے لیے 539 رنز کا ہدف ملا تھا جس کے تعاقب میں پوری ٹیم 167 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اسے 372 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کپتان ٹام لیتھم کی قیادت میں کیویز ٹیم کے سات کھلاڑی پہلی اننگز اور آٹھ کھلاڑی دوسری اننگز میں ڈبل فیگر میں بھی شامل نہیں ہو سکے۔

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 167 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 167 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

بھارت کی بالنگ میں اسپنرز نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا۔ سیریز میں 14 وکٹیں لینے والے بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ممبئی میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر مایانگ اگروال کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 150 اور دوسری میں 62 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا تھا۔

ممبئی ٹیسٹ کی خاص بات

ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کی ٹیم میں موجود بھارتی نژاد اسپنر اعجاز پٹیل نے ایک اننگز میں 10 وکٹیں حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا تھا۔

لیفٹ آرم اسپنر اعجاز پٹیل نے 10 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر ریکارڈ بک میں جگہ بنائی تھی۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے تیسرے اور نیوزی لینڈ کے پہلے بالر بن بن گئے ہیں۔

اس سے قبل انگلینڈ کے جم لیکر نے 1956 میں کھیلی جانے والی ایشز سیریز کے دوران ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں آسٹریلیا کے 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ریکارڈ بنایا تھا۔ بھارت کے انیل کمبلے بھی 1999 میں پاکستان کے خلاف ایک اننگز میں 10 وکٹیں لینے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے