اسلام آباد‘پشاور(آئی این پی+آن لائن) وزیر دفاع پرویزخٹک نے سانحہ سیالکوٹ کے تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر بات کا ذمے دار حکومت کو نہ بنائیں۔نجی ٹی وی کے مطابق پرویز خٹک نے سوال کا جواب دینے کے بجائے میڈیا کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان سے سوال نہ کریں، میڈیا والے سوچ کیوں نہیں بدلتے؟انہوں نے کہا کہ ٹی وی پر آئیں،اینکرز آئیں اور لوگوں کو سمجھائیں ، بچوں کو سمجھائیں بلکہ حکومت کو ذمے دار نہ ٹھہرائیں۔انہوں نے کہاکہ میڈیا والے نہ دین کی بات کرتے ہیں نہ تعلیم کی اور نہ صحت کی، ان کا کام صرف پیسے کمانا ہوتا ہے۔ صحافی نے پرویز خٹک سے سوال کیا کہ ٹی ایل پی سے معاہدہ کیا اورپھرسری لنکن شہری کا قتل ہوا؟ اس پر ان کا کہنا تھاکہ اس واقعے کو کسی جماعت سے نہ جوڑا جائے۔ان کا کہنا تھاکہ دین کے معاملے میں لوگ جذباتی ہو جاتے ہیں، ہر کوئی اپنی سوچ رکھتا ہے،وہاں لوگ اکٹھے ہوئے اور اسلام کا نعرہ لگا اورجذبات میں آگئے۔وزیر دفاع کا کہنا تھاکہ میڈیا صرف تنقید کرتا ہے،غلط بیانات سے ملک کو نقصان پہنچتا ہے۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ سیالکوٹ میں بچے جوش میں آگئے تھے، اس کا یہ مطلب نہیں کہ ملک میں سب کچھ بگڑ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین کی بات پر تو میں بھی جوش میں آ کر غلط کام کر سکتا ہوں ، جوانی میں ہم بھی جوش میں آجاتے تھے، پھر اندازہ ہوا کہ جوش سنبھال کر رکھنا ہوتاہے۔گفتگو کے دوران وفاقی وزیر نے جوشیلے نوجوانوں کو سمجھانے کی ذمے داری بھی میڈیا پر ڈال دی اور کہا کہ ہر چیز کی ذمے داری حکومت پر نہیں ڈالی جاسکتی، میڈیا لوگوں کو کیوں نہیں سمجھاتا؟میڈیا صرف پیسے کماتا ہے۔
