اسلام آباد: موسم سرما میں گیس صارفین کے لیے بری خبر ہے، دسمبر اور جنوری میں گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کی منظوری دیدی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کی منظوری دی، پلان کے مطابق دسمبر 2021 اور جنوری 2022 میں ٹاپ 50 ایکسپورٹ اورینٹڈ انڈسٹری کو گیس کی بلا تعطل سپلائی جاری رہے گی۔
ایکسپورٹ اورینٹڈ کیپٹو پاور پلانٹس کو بھی 15 دسمبر تک گیس سپلائی مانیٹر کی جائے گی، سی این جی سیکٹر کو یکم دسمبر سے 15 فروری 2022 تک گیس سپلائی معطل رہے گی۔
نان ایکسپورٹ جنرل انڈسٹری کو بھی روٹیشن بنیادوں پر گیس سپلائی جاری رہے گی۔ نان ایکسپورٹ سیمنٹ انڈسٹری کو بھی گیس سپلائی بند رہے گی، زراعت کے شعبے کو ترقی دینے کے لیے یوریا کھاد کے پلانٹس کو بلا تعطل گیس سپلائی جاری رہے گی۔
3ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار جاری رکھنے کے لیے آئی پی پیز کو گیس سپلائی جاری رہے گی، ایل این جی پر چلنے والے پاور پلانٹس کو بھی گزشتہ سال کی نسبت 5 فیصد زائد گیس فراہم کی جائے گی۔
ای سی سی کے فیصلے کے مطابق گھریلو صارفین کو بلاتعطل گیس سپلائی جاری رہے گی، سوئی ناردرن سسٹم میں دسمبر کے لیے 592 ملین کیوبک فٹ گیس شارٹ فال رہے گا، سوئی ناردرن سسٹم میں جنوری کے لیے 772 ملین کیوبک فٹ گیس شارٹ فال رہے گا ۔
سوئی سدرن سسٹم میں دسمبر کے لیے 246 ملین کیوبک فٹ گیس شارٹ فال رہے گا، سوئی سدرن سسٹم میں جنوری کے لیے 276 کیوبک فٹ گیس شارٹ فال رہے گا۔ حکومت نے گیس شارٹ فال کے پیش نظر موسم سرما میں 12 روپے فی یونٹ بجلی فراہمی کی پیشکش کردی، حکومت نے ایکسپورٹ سے متعلقہ کیپٹو پاور پلانٹس کو 9 روپے فی یونٹ بجلی فراہم کرنے کی پیشکش کردی۔

