English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

لاہور ہائیکورٹ کاتمام ٹی وی چینلز پر اسموگ آگاہی مہم چلانے کا حکم 

 لاہور ہائیکورٹ نے تمام ٹی وی چینلز پر سموگ آگاہی مہم چلانے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اسموگ آگاہی مہم میں کہیں بھی پنجاب حکومت کا ذکر نہ کیا جائے، حکومت اکثر ایسا کرتی ہے کہ اپنا نام شامل کر لیتی ہے، اسموگ آگاہی مہم خاص طور پر مفاد عامہ کیلئے ہو گی، پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سموگ آگاہی مہم کا مواد پیمرا کو فراہم کرے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے لاہور میں بڑھتی سموگ پر قابو پانے سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ سموگ آگاہی مہم میں کہیں بھی پنجاب حکومت کا ذکر نہ کیا جائے،آگاہی مہم خاص طور پر مفاد عامہ کیلئے ہو گی۔ جسٹس شاہد کریم نے مزید کہا کہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سموگ آگاہی مہم کا مواد پیمرا کو فراہم کرے۔عدالت نے ون وے کی خلاف ورزی پر موٹر سائیکل سواروں کو 2 ہزار سے کم جرمانے کرنے کی میئر لاہور کی استدعا مسترد کردی۔

میئرلاہور نے موقف اختیار کیا کہ رکشہ سوار کی روزانہ کی آمدن ہی 700 روپے ہے 2 ہزار جرمانے سے اس کا گھر نہیں چل سکے گا، ایک خاتون کا نہر پر چالان کیا گیا تو وہ رو رہی تھی ،میں رکا تو مجھے کہتی میرے پاس 2 ہزار تو کیا 200 روپے تک نہیں، عوامی نمائندہ ہونے کی حیثیت سے استدعا کرتا ہوں کہ موٹرسائیکل سواروں کو جرمانہ 2 ہزار سے کم کر کے 500 کر دیا جائے۔جس پر جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ اس خاتون کو تب کیوں خیال نہیں آیا جب اس کا بیٹا ون وے کیخلاف ورزی کر رہا تھا؟ ، ہم سب نے مل کر سموگ کیخلاف کوشش کرنی ہے پھر ہی نتائج نکلیں گے۔ فاضل عدالت نے ایل ڈی اے کے تجاوزات کیخلاف آپریشن پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے جمعرات کے روز پی ایس ایل ٹریفک پلان پیش کرنے کا بھی حکم دےا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے